حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان نے پشاور میں ہوئے بم بلاسٹ اور نمازیوں کو حالت نماز میں شہید کر دینے والے سفاک ابن ملجم کی اولادوں کے خلاف اپنا پر زور احتجاج درج کراتے ہوئے کہا کہ عالم کفر و استکبار نے ایک مرتبہ پھر ابوسفیانی اسلام کی نقاب اوڑھ کر،اسلام ناب محمدی کے پیروکاروں کے خون ناحق سے سرزمین پاکستان کو رنگین کر دیا ہے، ابن ملجم کی ناجائز اولاد نے امیر المومنین حضرت علی (ع) کے جان نثاروں کو حالت نماز میں لہو لہان کر کے سو سے زائد عبادت گزاروں کو شہید اور سیکڑوں کو زخمی کر دیا ہے۔
شیعہ علماء اسمبلی نے اس دردناک اور بہیمانہ عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان کو اس سلسلے میں براہ راست قصور وار ٹھہرایا ہے، اپنے امن پسند باشندوں کی حفاظت میں اس کی لاپرواہی و کوتاہی کو اظہر من الشمس قرار دیا ہے۔
شیعہ علماء اسمبلی نے حکومت پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ بے گناہ شہیدوں کے اہل خانہ اور زخمیوں کی بھرپور مدد کرتے ہوئے اس وحشیانہ حرکت کے براہ راست و بالواسطہ ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزا دے کر ایک ذمہ دار حکومت ہونے کا ثبوت دے، اور کہا کہ حوکمت پاکستان یاد رکھے کہ حکومت کفر تو باقی رہ سکتی ہے لیکن حکومت ظلم ہر گز المُلک یبقی مع الکفر ولا یبقی مع الظلم۔
شیعہ علماء اسمبلی نے شہیدوں کے اہل خانہ اور زخمیوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اللہ سبحانہ و تعالی سے شہیدوں کے لئے علو درجات اور زخمیوں کے لیے صحت کاملہ و عاجلہ کی دعا کی ۔